حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دفترِ قائدِ ملت جعفریہ پاکستان قم کے انچارج حجت الاسلام مولانا شیخ بشارت حسین زاہدی نے حال ہی میں خطہ بلتستان سے تعلق رکھنے والی علمی شخصیت آیت اللہ شیخ غلام حسنین شعبانی اور ضلع شگر کے مایہ ناز عالم دین شیخ ولی مقدسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ شیخ حسنین شعبانی بہت بڑی علمی شخصیت تھے، انہوں نے نجف اشرف میں مدارج علمی حاصل کرکے اجتہاد کے مقام پر فائز ہوئے اور طلاب کی علمی تربیت کا سلسلہ نجف سے ہی شروع کیا، آپ نے بہت سے علماء و طلاب و شاگردوں کی علمی تربیت کی اور آپ صاحب رسالہ بھی تھے اور متعدد کتابوں کے مصنف بھی تھے ان کی علمی خدمات کا دائرہ بہت وسیع تھا؛ ان کی وفات اہل علم کے لئے ایک ناقابلِ جبران نقصان ہے؛ خطہ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے تمام علمائے کرام ان کی علمی خدمات کو ہمیشہ کے لیے یاد رکھیں گے، اللہ تعالٰی ان کی مغفرت فرمائے اور آپ کے تمام چاہنے والے خاص طور پر اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
مولانا بشارت حسین زاہدی نے کہا کہ ضلع شگر سے تعلق رکھنے والے ممتاز عالم دین شیخ ولی مقدسی کی وفات بھی علمائے شگر کے لئے ایک علمی سانحہ ہے، غم کی اس گھڑی میں ہم ضلع شگر کے تمام علمائے کرام اور مرحوم کے خانوادے کو تسلیت پیش کرتے ہیں اور اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ ان دونوں مرحومین کے درجات کو بلند فرمائے۔
آپ کا تبصرہ